بسم اللہ الرحمن الرحیم
منصوبہ برائے سال 26-2025ء
ہماری ساری کوششوں کا مرکز اور محور اصلاح ذات اور خدمت دین و انسانیت ہو، تا کہ ہم کو رب کی رضا حاصل ہو، ہم جنت کے مستحق بنیں، اور نار جہنم سے ہمیں نجات ملے۔
(۱) تزکیہ نفس
- سنن ونوافل کے ساتھ فرض نمازوں کا اہتمام لازماً کریں۔
- صبح و شام کے اذکار اور مختلف اوقات کی دعاؤں کا اہتمام کریں۔
(۲) اصلاح امت
- بیوی بچوں اور خاندان والوں کی اصلاح کی طرف توجہ دیں، اور ان میں دین داری پیدا کریں۔
- امامت و خطابت، درس قرآن وحدیث، دینی تعلیم و تربیت، ان میں سے کسی بھی کار خیر سے جڑ کر دین وملت کی خدمت ضرور کریں۔
- جمعیت کی ہر شاخ تعلیم بالغاں کے جز وقتی مکاتب ضرور قائم کرے، اور ہر رکن ان میں خدمت انجام دے۔
- خواتین اور بچوں کے لیے ہفتہ واری دینی اجتماعات کا نظم کریں۔
(۳) ابلاغ دین
- وطنی بھائیوں سے حسن سلوک کریں، اور ہر جگہ اُن کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئیں۔
- نیز اس سلسلے میں ایک مہم کے طور پر مسلم عوام کی ذہن سازی کریں۔
- ہر رکن اپنے اڑوس پڑوس کے غیر مسلموں سے اچھے تعلقات قائم رکھے، ان کے کام آئے۔ (مثلاً: مزاج پرسی، مریضوں اور بزرگوں کی عیادت وغیرہ)۔
(۴) خدمت خلق
- نئے تعلیمی سال کے آغاز میں داخلہ مہم چلائیں، اعلیٰ تعلیم کے لیے طلبہ کی رہ نمائی کریں، اور حسب استطاعت اسکالرشپ کا انتظام کریں۔
- مساجد کو خدمت خلق کا مرکز بنا کر ان کے ذریعے برادرانِ وطن کو بھی فائدہ پہنچانے کی کوشش کریں۔
- مثلاً: گرمیوں کے ایام میں خاص کر اور دیگر موقعوں پر عموماً مساجد کے سامنے پینے کے پانی کا نظم کیا جا سکتا ہے۔
- فری میڈیکل کیمپ، بلڈ ڈونیشن کیمپ، آئی کیمپ وغیرہ کا مساجد میں قیام۔
- دستاویزات (Documentation) کے کام (آدھار، راشن کارڈ، ووٹر آئی ڈی) مساجد میں ہو سکتے ہیں۔
- ”مسجد سب کے لیے“ کے عنوان کے تحت سہ ماہی پروگرام مرتب کریں کہ برادرانِ وطن مسجد دیکھ سکیں، اور مقامی زبان جاننے والے دُعاۃ کے ذریعے مسجد کی سرگرمیوں سے واقف کرائیں، اور اُن کی غلط فہمیوں کو دور کریں۔
(۵) تنظیم
- ماہانہ اجلاس کا انعقاد جمعیت کی اولین ترجیحات میں سے ہو، تاکہ تربیت ذات کے مواقع فراہم ہوں۔
- بڑے شہروں میں حسب ضرورت مختلف زون بنا کر کام کریں، اور ہر زون ماہانہ اجلاس منعقد کرے۔
- ماہانہ اجلاس میں لائحہ عمل کے چار بنیادی نکات (اصلاح ذات، اصلاح امت، ابلاغ دین اور خدمت خلق) کو پیش نظر رکھتے ہوئے تذکیر ہو۔ پھر حالات اور ضرورت کے مطابق چند باتوں کو ہدف بنا کر کام کریں۔
- اپنے علاقے کے فارغین اور ابنائے قدیم کی فہرست تیار کریں۔
- جامعہ میں زیر تعلیم طلبہ تعطیلات میں گھر پہنچیں تو اُن کی قدر افزائی کریں، ان کے ساتھ ایک نشست منعقد کریں، انھیں خطبات و دروس، امامت اور دینی کاموں میں آگے بڑھائیں۔
- مختلف مکاتب فکر کے نئے طلبہ کو جامعہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے تیار کریں، اور انھیں جامعہ میں داخلہ پانے کے قابل بنائیں۔ (ان کا ناظرہ قرآن درست کریں، اور اردو لکھنا پڑھنا سکھائیں)۔
- ماہ نامہ راہ اعتدال کا خریدار بن کر پابندی سے مطالعہ کریں، اور جامعہ سے شائع ہونے والی کتابوں کو خرید کر پڑھیں اور دوسرے ابناء کو بھی توجہ دلائیں۔